لاہور/ اسلام آباد (نمائندہ جسارت/ اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے لانگ مارچ میں ہلکان ہو رہے ہیں‘ پہلے یہ ہلکان ہو جائیں‘ سو سنار کی ایک لوہار کی ہو گی‘ ہم نے تو پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ دیکھا ہی نہیں ہے‘ پولیس والوں کی گاڑیوں میں جھنڈے لگائے ہوئے ہیں‘ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں میں بانس پڑے ہوئے ہیں ان سے کس نے متاثر ہونا ہے‘ بلاول نے کبھی سیاست کی ہی نہیں اس لیے انہیں پتا نہیں‘ وہ بی بی کے لانگ مارچ کی پرانی وڈیو ہی دیکھ لیں شاید انہیں لانگ مارچ کرنا آ جائے‘ اربوں روپے کے ریلیف کے لیے کئی مہینے پہلے کام کرنا پڑتا ہے‘ ریلیف کے لیے ہم نے کوئی قرضہ نہیں لیا بلکہ ہم جاری بجٹ میں ایڈ جسٹمنٹ کر رہے ہیں‘ مسلم لیگ (ق) اور متحدہ قومی موومنٹ سے قریبی رابطے ہیں اور جلد ملاقاتیں بھی ہوں گی‘ 3 ماہ ٹھہر جائیں پھر حمزہ شہباز بھی (ن) لیگ کا ٹکٹ نہیں لیں گے‘ پوری دنیا ومیں یوکرین اور روس کی وجہ سے تیل کی قیمتیں اوپر جا رہی ہیں اور ایسے وقت میں پاکستان کی حکومت نے عوام کے لیے تیل اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی ہے‘ انڈسٹریل پیکج سے بھی مڈل کلاس کو فائدہ ہوگا کیونکہ اس کے نتیجے میں روزگار پیدا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فواد چودھری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے کچھ لوگ جو اپنی قیادت سے تنگ ہیں ہم سے بھی رابطہہوا ہے‘ مریم نواز کے خیالات سن لیں اصل میں مسلم لیگ (ن) کی ساری قیادت کی دل کی یہی آواز ہے‘ اگر زرداری صاحب اسے نظر اندزاز کر دیں تو ان کی مرضی ہے ‘ (ن) لیگ کی لیڈر شپ آصف زرداری کو یہی سمجھتی ہے جو مریم نواز کی ٹیپ سامنے آ ئی ہے۔ منگل کو شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں اپنے ایک ٹوئٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ شکریہ شاہد خاقان عباسی یہی بات آپ کوسمجھا سمجھا کر تھک گئے تھے کہ دنیا میں مہنگائی ہے لیکن آپ کو سمجھ نہیں آ رہی تھی۔ اب ہم آپ کو سمجھائیں گے کہ پاکستان میں قیمت کیسے کم ہوئی لیکن سمجھ آپ کو پھر بھی نہیں آنی۔