کوئی بھی با ضمیر ایم این اے عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیگا ، شاہ محمود

237
لاڑکانہ: پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی پریس کانفرنس کررہے ہیں،علی زیدی ودیگر رہنما بھی موجود ہیں

لاڑکانہ،نوابشاہ(نمائندگان جسارت)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کوئی بھی باضمیرایم این اے عمران خان کونہیں چھوڑے گا، ہم حساب دینے کو تیار ہیں ،شرط ہے زرداری اوربلاول 15 سال کا حساب دیں ،روس یوکرین تنازع میں پاکستان غیر جانبدار ہے، اس وقت اللہ کے فضل وکرم سے ہماری آزاد خارجہ پالیسی ہے، ہمارے امریکا کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔لاڑکانہ میں تحریک انصاف کے رہنمائوں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا میں لاڑکانہ کادل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، رتوڈیروسے سجاول، لاڑکانہ میں جگہ جگہ لوگوں نے عزت دی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف آپ کاجتناشکریہ ادا کرے کم ہے، میں منتظمین کوخراج تحسین پیش کرناچاہتاہوں، سب نے لاڑکانہ کی تاریخ کافقیدالمثال جلسہ کیا لیکن مجھے ایک چھوٹاپن دکھائی دیا، منتظمین کی سیاسی پختگی تھی کہ بدمزگی نہیں ہوئی ، جناح پارک کے گٹرکھول دینا جلسہ گاہ میں پانی چھوڑنا کہاں کی شرافت ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پہلے جگہ نہیں دے رہے تھے پھرگنداپانی چھوڑدیا، یہ وہ روایات ہیں جوشکستہ ذہنیت کی عکاسی کرتاہے، تحریک انصاف نے لاڑکانہ میں بڑا جلسہ کیا، گزشتہ روزدیکھا لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی سے زیادہ پی ٹی آئی کے جھنڈے لگے تھے، جیسے جیسے شعور بڑھے گا ، ویسے ویسے سندھ میں تبدیلی آئے گی۔علاوہ ازیںوفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ زرداری نے عوام کا پیسہ لوٹا جو ہم 2023 میں اْس سے چھین لیں گے جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے 15 سالوں میں صرف لوٹ مار کی۔پاکستان تحریک انصاف کا سندھ حقوق مارچ نوابشاہ پہنچ گیا، جہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 10 برسوں سے سندھ کے ریگستان سے ایک آواز بلند کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ظلم سہنے کی سکت اور چکی میں مزید پسنے کا ارادہ نہیں ہے تو سندھ کے عوام فیصلہ کرلیں، جب تک سندھ کے عوام تبدیل نہیں ہوتے اس وقت تک سندھ کی تقدیر کوئی نہیں بدل سکتا۔جلسے کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں نے سال 2013 میں فیصلہ کیا اور کے پی کے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت بنائی۔اس موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے بھی شرکا کا خون گرمایا اور کہا کہ عمران خان سب سے بڑا کھلاڑی ہے جو خود دار اور رزق حلال کھاتا ہے، جو پیسا زرداری کے پاس ہے وہ سب عوام کا لوٹا ہوا پیساہے جو ہم 2023 میں اْس سے چھین لیں گے۔علی زیدی نے کہا کہ بلاول اپنے والد سے پوچھے کہ اربوں روپے کی جائدادیں کیسے بنائیں، آپ کے ضلع میں علی حسن زرداری نے 5 افراد کو قتل کرایا تو کیا بلاول مقتولین کے اہل خانہ کے پاس تعزیت کے لیے پہنچے؟، صوبے میں لوگ قتل ہورہے ہیں اور بلاول بڑے بڑے دعوے کر رہے ہیں۔