اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے وزیراعظم کے اعلانات سے پرچی چیئرمین کی بوکھلاہٹ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔مراد سعید نے بلاول زرداری کو جواب میں کہاکہ سندھ میں 3 نسلوں سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے۔پورے صوبے میں اسکول، اسپتال، سڑکیں تباہ ہیں۔ بتائیں 15 سال میں آپ نے کیا کیا۔ایک تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر نے کہاکہ فرزند زرداری نے کراچی کو کچرا کنڈی بنا دیا۔ سندھ پولیس میں جرائم پیشہ افراد کو بھرتی کیا گیا۔ عمران خان کے دور میں کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا۔ ابھی آپکے سیکھنے کے دن ہیں۔ پہلے کونسلر کا الیکشن لڑ کر خود کو ثابت کریں۔ مراد سعیدنے کہا کہ عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے ملک بھر میں 1لاکھ ڈیجیٹل فرنچائز پوسٹ آفس قائم کیے جائیں گے۔ دور دراز علاقوں تک رسائی اور نجی شعبے سے مقابلے کے لیے 750 ڈیجیٹل فرنچائز ڈاک خانے پہلے ہی قائم کیے جا چکے ہیں۔