اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ احتساب کے نعرے پر برسراقتدار آنے والی حکومت سب سے کرپٹ نکلی تاہم اب وہ وقت دور نہیں جب سب کٹہرے میں کھڑے ہوں گے‘ عدم اعتماد کی تحریک کی تشہیر نہیں ہوتی جس دن جمع ہو گی تو میڈیا کو پتا چل جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایل این جی کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے آکر ایک اور یوٹرن مارا، 4 دن پہلے ہمیں بتایا کرتے تھے کہ دنیا میں تیل کی قیمت بڑھ رہی ہے تو پاکستان میں بھی بڑھ رہی ہے اور 12روپے تیل پر بڑھا دیے‘ یہ نہیں بتایا کہ ہم نے آئی ایم ایف سے وعدہ کیا ہوا ہے‘ اس لیے ہم تیل کی قیمتیں بڑھا رہے ہیں‘ اب 10روپے کم کردیا ‘ہم ان کے بڑے مشکور ہیں لیکن یہ10روپے نہیں بلکہ 20 روپے پاکستان کے عوام کواداکرنا پڑیں گے‘ اگرآج نہیں تو کل اداکرنا پڑیں گے کیونکہ آپ نے جو آئی ایم ایف سے وعدہ کیا ہے‘ یپرا کہہ رہی ہے کہ6 روپے بجلی فی یونٹ مہنگی ہونی ہے اور حکومت 5 روپے فی یونٹ سستی کر رہی ہے‘ آج نہیں تو کل عوام کو اضافی ادائیگی کرنا پڑے گی‘حکومت قرضے لے گی اور عوام پر ٹیکس لگائے گی‘ اگر آپ نے مہنگائی کم کرنی تھی تو آٹے اور چینی کی قیمت کم کرتے جو آپ کے دور میں دگنی ہو گئی اور تمام اشیا خوردونوش کی قیمت کم کرتے ‘ اب جب آخری وقت نظرآرہا ہے کہ حکومت جانے والی ہے تو پھر ایک آخری جھوٹ عوام سے بول کر ہمدردیاں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ (ق) لیگ نے کرنا ہے کہق لیگ نے اقتدار کے ساتھ چلنا ہے یاعوام کے ساتھ جانا ہے اور تمام اتحادیوں کے لیے بھی یہی چیلنج ہے کیونکہ آج نہیں تو کل آپ کو عوام میں جانا پڑے گا ‘ حکومت بڑے شوق سے مدت پورا کرنا چاہتی ہے لیکن عوام اسے مدت پوری نہیں کرنے دیں گے۔