اسلام آباد (اے پی پی) اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈئر جنرل حامد واحدی نے سربراہ پاک فضائیہ ائر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق دونوں معززین نے پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ معزز مہمان نے پیشہ ورانہ مہارت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ کی تعریف کی۔ ائرچیف مارشل نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ پاک فضائیہ کے دستے نے انہیں سلامی پیش کی، بریگیڈیئر جنرل حامد نے پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یاد گارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔