کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ کی احتساب عدالت نے گندم خورد برد کا جرم ثابت ہونے پر حب کے سرکاری گودام کے انچارج کو 11 ماہ قید اور 89لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ترجمان نیب بلوچستان کے مطابق گندم کرپشن کیس کی سماعت جج انور شاہوانی نے کی۔ جرم ثابت ہونے پر عدالت نے سابق پی آر سی انچارج حب انور قمبرانی کو 11 ماہ قید اور 89 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ ملزم پر الزام تھاکہ اس نے دوران ملازمت گندم کو لاکھوں بوریاں خورد برد کیں جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب ترجمان کے مطابق ملزم کی شدید علالت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے سی آر پی سی کی شق 382 بی کے تحت ملزم کو سزا میں رعایت دی گئی ہے ، سماعت کے دوران نیب کی پیروی سینئر پراسیکیوٹر ضمیر چھلگری نے کی۔یاد رہے کہ عدالت اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر اور انچارج پی آر سی لسبیلہ امیر بخش کھوسہ کو پانچ سال قید اور دس کروڑ روپے جرمانے کی سزا بھی سناچکی ہے۔