![16](https://www.jasarat.com/wp-content/uploads/2022/03/16.jpg)
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کےلیے عمران خان کو گھر بھیجنا ، صاف اور شفاف الیکشن کرانے ہوں گے۔ ابھی سے ہی کٹھ پتلی نے گھبرانا شروع کردیا ہے ، کوئی سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی کو سمجھائے کہ اس نے سندھ کے پانی، گیس اور این ایف سی ایوارڈ پر ڈاکا مارا ہے۔ یہ آٹا، پانی، چینی ، بجلی اور گیس چور ہیں ۔ اب پیپلزپارٹی کے جیالے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ وہ حیدرآباد میں بیراج کالونی میں لانگ مارچ کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو، رُکن قومی اسمبلی طارق شاہ جاموٹ، رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان، شرجیل انعام میمن اور عاجز دھامرا نے بھی خطاب کیا۔ بلاول زرداری نے کہاکہ سلیکٹڈ کی اس حکومت نے چاروں صوبوں کے ساتھ ظلم و ناانصافی کی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ اس کو جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا پرپابندی لگائی جارہی ہے کہ حکومت کےخلاف نہ بولے ، یہ وزیراعظم بزدل اور ڈرپوک ہے ، یہ تنقید برداشت نہیں کرسکتے ، خود ظلم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر سلیکٹڈ وزیراعظم یہ سمجھتے ہیں کہ وہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ کرسکتے ہیں تو پھر وہ انتخابات کا آج ہی اعلان کرے ہم تیار ہیں پاکستان کے عوام فیصلہ کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ اس سلیکٹڈ حکومت سے جان چھڑالی جائے ۔ میں آپ کے ساتھ ہونے والے ظلم کےخلاف نکلا ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم اسلام آباد آرہے ہیں ابھی تو ہم حیدرآباد میں کھڑے ہیں اور بنی گالہ میں چیخیں نکل گئی ہیں اور اگر 8مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے تو کیا ہوگا۔