ملتان (آئی این پی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کی ہدایت پر ملتان پولیس نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی)سے انسپکٹر رینک تک کے 517 افسران کی قابلیت چیک کرنے کے لیے ٹیسٹ لیا گیا۔گزشتہ روز لیے گئے ٹیسٹ کا پیر کو نتیجہ آیا جس میں 486 پولیس افسران قابلیت کے ٹیسٹ میں فیل ہو گئے اور صرف 31افسران قابلیت کے معیارپرپورا اترے۔ ٹیسٹ میں فیل ہونے والوں میں ملتان ضلع کے تھانوں کے بیشتر ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں، نتیجے کے بعد ملتان پولیس کے اعلیٰ افسران میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ضلع بھر کے تمام تفتیشی اور فیلڈ پوسٹنگ افسران نے اس امتحان میں حصہ لیا تھا جبکہ ٹیسٹ کے نتائج آئی جی پنجاب کو بھیج دیے گئے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں افسران کا فیل ہو جانا باعث تشویش ہے، ان کے مستقبل کا فیصلہ آئی جی پنجاب ہی کریں گے۔