جیکب آباد(نمائندہ جسارت)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر وائس چیئرمین اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے بھٹو کی نظریاتی سیاست کو دفن کردیا ہے۔سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ میں پی ٹی آئی کے سندھ حقوق مارچ کے دوران شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری آنکھ دیکھ رہی ہے مجھے یقین نہیں آرہا، یہ وہ دھرتی ہے جس دھرتی میں پیپلزپارٹی کے علاوہ کوئی جھنڈا دکھائی نہیں دیتا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ضیاالحق کی آمریت میں بھی پیپلزپارٹی کا سورج غروب نہ ہوسکا، مشرف کے دور میں بھی پیپلز پارٹی کو نہ دبایا جاسکا، ایوب خان کے وقت میں بھی یہاں پیپلزپارٹی نے اس دھرتی سے، لاڑکانہ کی مٹی سے جنم لیا۔انہوں نے کہا کہ آج لاڑکانہ کی مٹی اور دھرتی میں مجھے پیپلزپارٹی کے جھنڈے کے مقابلے میں تحریک انصاف کا جھنڈا لہراتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سوچنے کی بات ہے کہ یہ نوبت کیوں آئی، آج یہاں میں جو تبدیلی دیکھ رہا ہوں، اس کا ذمہ دار ایک شخص ہے، جس کا نام آصف علی زرداری ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج آصف علی زرداری نے بھٹو کی سیاست کو دفن کردیا، آج اس نے بھٹو کی نظریاتی پارٹی کو زر اور زرداری کی سیاست میں تبدیلی کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ آج وہ کراچی سے لانگ مارچ پر نکلے ہیں لیکن سندھ کی حکومت کا سہارا لے رہے ہیں، سندھ کی سرکار کا سہارا لے رہے ہیں، پولیس کی گاڑیاں بدین میں جھنڈے لگا رہی ہیں، فائر بریگیڈ کے ٹرک، جو آگ بجھانے والے ہیں وہ پی پی پی کے جھنڈے لگا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج یہاں سرکاری جھنڈے لگائے جارہے ہیں تمھارا کارکن کیوں نہیں لگاتا اور سرکاری مشینری سے جھنڈے کیوں لگا رہے ہو، یہ زیادہ ہے، چھوٹا ہے، بڑھا ہے، جو کچھ بھی ہے، ایک جھنڈا ہے، آدھا ہے، سرکاری تو نہیں ہے۔پی پی پی قیادت کو چینلج کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بلاول اور آصف علی زرداری سرکار کی بیساکھیاں چھوڑ دو اور ہم سرکار کے بغیر سندھ میں آپ کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، میدان میں آجاؤ۔ انہوں نے کہا کہ دھونس اور انتقام کی سیاست تم کرو، نوکریاں فروخت تم کرو، سیاست پر اختلاف ہونا سیاست کا حسن ہے، کبھی ساری دنیا ساتھ ہوتی ہے، ممکن نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کون سی سیاست ہے کہ مخالف کو گولی کی نذر کردیا جائے، یہ سیاست نہیں ہے، آج اس سیاست کو بدلنے کا وقت آگیا ہے، سندھ کی تقدیر بدلنے کا وقت آگیا ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ جب سوچ بدلے گی تو سندھ بدلے گا، سندھ میں 15 سال سے مسلسل پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت ہے کیا ان 15 برسوں میں سندھ کے سارے مسائل حل ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 15 سال کا اقتدار ہے اور مسائل جوں کے توں ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ہم چلے ہیں اسلام آباد عمران خان سے حساب لینے، عمران خان 3 سال کا حساب دینے کے لیے تیار ہے، آؤ ترازو میں رکھ لو تین سال کا حساب ہم سے لے اور 15 سال کا حساب تم دے دو، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔