آصف زرداری نے بھٹو کی نظریاتی سیاست کو دفن کردیا، وزیر خارجہ

398
” یوکرین سمیت تمام تنازعات کو بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں حل کریں گے

شہدادکوٹ:وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری نے بھٹو کی سیاست کو دفن کردیا ہے، جس دھرتی میں پیپلزپارٹی کے علاوہ کوئی جھنڈا دکھائی نہیں دیتا تھا، ضیاالحق کی آمریت میں بھی پیپلزپارٹی کا سورج غروب نہ ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ  مشرف کے دور میں بھی پیپلز پارٹی کو نہ دبایا جاسکا، ایوب خان کے وقت میں بھی یہاں پیپلزپارٹی نے اس دھرتی سے، لاڑکانہ کی مٹی سے جنم لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج میں یہ دیکھ رہا ہوں کہ آج لاڑکانے کی مٹی اور دھرتی میں مجھے پیپلزپارٹی کے جھنڈے کے مقابلے میں تحریک انصاف کا جھنڈا لہراتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوچنے کی بات ہے کہ یہ نوبت کیوں آئی، آج یہاں میں جو تبدیلی دیکھ رہا ہوں، اس کا ذمہ دار ایک شخص ہے، جس کا نام آصف علی زرداری ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ کی سرکار کا سہارا لے رہے ہیں، پولیس کی گاڑیاں بدین میں جھنڈے لگا رہی ہیں، فائر بریگیڈ کے ٹرک، جو آگ بجھانے والے ہیں وہ پی پی پی کے جھنڈے لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج یہاں سرکاری جھنڈے لگائے جارہے ہیں تمھارا کارکن کیوں نہیں لگاتا اور سرکاری مشینری سے جھنڈے کیوں لگا رہے ہو، یہ زیادہ ہے، چھوٹا ہے، بڑھا ہے، جو کچھ بھی ہے، ایک جھنڈا ہے، آدھا ہے، سرکاری تو نہیں ہے۔