لاڑکانہ، ریسکیو 1122 کا سہولتوں سے آراستہ جدید ٹراما سینٹر کا قیام

260

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے سرکاری اسپتالوں میں صحت کی سہولیات کو بہتر کرنے کے اقدامات پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ضلع میں ریسکیو 1122، تمام سہولتوں سے آراستہ جدید ٹراما سینٹر، 60 بستروں پر مشتمل نوزائیدہ بچوں سمیت بڑوں کے میڈیکل اور سرجیکل آئی سی یوز بنانے کے کام 3 ماہ میں مکمل کیا جائے گا شعبہ حادثات کا عارضی طور پر سابقہ کارڈیالوجی ڈپارٹمنٹ میں شفٹ کر دیا گیا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاڑکانہ کی شہریوں سے اسپتال عملے سے تعاون کرنے کی اپیل تفصیلات کے مطابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاڑکانہ ڈاکٹر عبدالستار شیخ کی جانب سے لاڑکانہ اور گرد و نواح کے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری اور سندھ حکومت کی ہدایات پر لاڑکانہ کے سرکاری اسپتالوں میں اہم سہولیات کو جدید اور بین الاقوامی طرز معیار تک پہنچانے کے منصوبوں پر عملدرآمد کا آغاز کیا جاچکا ہے اور انتظامیہ کی کوشش ہے کہ ان منصوبوں کو کم سے کم وقت میں تکمیل تک پہنچایا جائے ۔ڈاکٹر عبدالستار شیخ کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ ضلع بھر میں ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس متعارف کروائی جا رہی ہے، جبکہ نوازئیدہ بچوں اور بڑوں کے لیے نیوناٹیکل، سرجیکل اور میں میڈیکل آئی سی یوز بنائے جا رہے ہیں جو کہ 60 بیڈز پر مشتمل ہوںگے جبکہ ایمرجنسی کور کے لیے تمام جدید سہولتوں سے آراستہ مکمل ٹراما سینٹر بنایا جارہا ہے، جبکہ نئی ایم آئی آر اور سٹی اسکین مشینز بھی نصب کی جارہی ہیں تاہم تمام سرکاری اسپتالوں میں 24 گھنٹے سرکاری فارمیسیز سے تمام مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی اور اے آر وی ویکسینیشن فیسلیٹی بھی 24 گھنٹے فراہم کی جارہی ہے، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی تکمیل کے لیے موجودہ چلڈرن اسپتال کی او پی ڈی اور شعبہ حادثات کو شفٹ کیا گیا ہے، شعبہ حادثات کو سابقہ کارڈیالوجی میں منتقل کیا گیا ہے جہاں آکسیجن، پانی، ادویات سمیت تمام سہولیات فراہم کی جاچکی ہیں تاہم اراضی کم ہونے کے باعث عملے کو اپنے فرائض سرانجام دینے میں عارضی تکلیف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے شہریوں سے اپیل ہے کہ مریضوں کے ساتھ کم سے کم افراد اسپتال آئیں تاکہ عملہ اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے سکے۔