سکھر، کلین اینڈ گرین صفائی مہم مؤثر و نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکی

176

سکھر (نمائندہ جسارت)سکھر انتظامیہ کی سکھر کلین اینڈ گرین صفائی مہم مؤثر و نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکی، مختلف یوسیز میں صفائی کی صورتحال بدستور ابتر ہے جبکہ نالیوں اور گٹروں کا کچہرا بھی ٹھایا نہیں جا سکا ہے، جس سے تعفن اٹھنے سے مختلف امراض پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ، شہری و سماجی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ،حکومت سندھ اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے سکھر کلین اینڈ گرین صفائی مہم کے حوالے سے مختلف یوسیز میں نالیوں اور گٹروں کی صفائی سمیت گندگی کے ڈھیروں کے خاتمے کیلیے مہم زور و شور سے شروع کی گئی تاہم شہر کی مختلف یوسیز میں ابتک صفائی کا عمل شروع نہیں ہوسکا ہے،سکھر کی مختلف یوسیز میں صفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہے گلیوں و محلوں میں نالیوں اور گٹروں کا کچہرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں،جن سے اٹھنے والے تعفن سے علاقہ مکین پریشان ہیں، گندگی کی وجہ سے علاقہ مکینوں سمیت شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔صفائی مہم کے اعلانات کے باوجود صفائی کے ناقص انتظامات پر شہری و سماجی حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سکھر انتظامیہ اور بلدیہ اعلیٰ سکھر کی ناقص کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے بالا حکام سے نوٹس لیکر شہریوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہمی کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔سنی تحریک کے مرکزی رہنما محبوب علی سہتو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گرین اینڈ کلین مہم بھی سیاسی شعبدہ بازی نکلی ،ایک دن کا شو کرکے لاکھوں روپے ایک سیاسی پروگرام میں خرچ کرکے اب گم ہوگئے ہیں، صفائی مہم کا آغاز ہی جب گلوب چوک سے کیاگیاتو وہ مہم صفائی کی کیسے ہوتی، سکھر کے علاقے نیو پنڈ ،بھوسا لائن، بہار کالونی، شاہ خالد کالونی قریشی روڈ، مائیکرو ٹاور ودیگر علاقے گندگی اور گندے پانی کا مرکز بنے ہوئے ہیں، سابق میئر، افسران اور سوئپر ان علاقوں میں جانا گناہ سمجھتے ہیں اور اس مہم کا عملی فائدہ شہریوں کو نہیں مل سکا اور ایسا محسوس ہوتاہے کہ اس مہم کا مقصد ہی کچھ اور تھا سکھر کے شہری اپنی خاموشی توڑیں اور اپنی ٹیکس کے پیسے کاحساب مانگیں اپنی آنکھوں کے سامنے ہونے والی کرپشن اور نااہلی پر خاموش بیٹھنا بھی حصہ دار بننے کے برابر ہے ۔انہوں نے کہاکہ سکھر سکھر گرین اینڈ کلین اس وقت ہوگا جب سیاسی ہائوسز کے ٹھیکیدار جان چھوڑیں گے تو بہتری ہوگی۔