سندھ حکومت صحت کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے،کمشنر سکھر

279

 

سکھر (نمائندہ جسارت) کمشنر سکھر ڈویژن غلام مصطفی پھل نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے میں صحت کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، صوبے کے تمام اسپتالوں اور صحت مراکز میں مریضوں کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے لیے فنڈز، ادویات اور دیگر مراعات کو پورا کرنے میں ہر ممکن مدد فراہم کررہے ہیں، سندھ حکومت کے تعاون سے گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز معاون ثابت ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس سکھر کے کانفرنس ہال میں گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے مسائل پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون اختر حسین قریشی، ڈپٹی کمشنر خیرپور سیف اللہ ابڑو، ڈائریکٹر گمس اسپتال ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر خیرپور کو ہدایت کی کہ گمبٹ اسپتال کو مختلف شعبہ جات کی تعمیر کے حوالے سے مطلوبہ اراضی کے حوالے سے مکمل رپورٹ کریں تاکہ صوبائی حکومت سے قانون کے مطابق زمین کی حوالگی کے بارے میں تحریری طور پر آگاہی دی جائے۔