کندھ کوٹ‘شکار پور(نمائندہ جسارت +اے پی پی ) وزیر خارجہ شاہ محمود قر یشی نے کہا ہے کہ بلاول 3 سال کا حساب لینے اسلام آباد ضرور آئیں، ہمارا دامن صاف ہے ، حساب دیں گے،ہم بھی آپ سے 15 سال کا حساب مانگنے آئے ہیں۔شکارپور میں سندھ حقوق مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کے لیے فی ورکر 30، 30 ہزار روپے کا پیکج بانٹا گیا ہے کیونکہ نظریاتی ورکر اب پیپلزپارٹی کی صفوں میں نہیں رہا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ27فروری کی مناسبت سے 2 پیغام دینا چاہتا ہوں، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سوچ سمجھ کر پاکستان کی جانب نظر اٹھا نا اوردوسرا پیغام بلاول زرداری کو دینا چاہتا ہوں کہ ہم بلاول سے 15 سال کا حساب مانگنے آئے ہیں۔بلاول زرداری کے لیے اپنے پیغام میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سنا ہے بلاول لانگ مارچ نکال رہے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ ہم سے حساب لینے نکلے ہیں تو ضرور لو ہمارا حساب، ہمارا وزیراعظم عمران خان گھبراتا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو دن دیہاڑے گن پوائنٹ پر لوٹا جا رہا ہے، بلاول سے پوچھتا ہوں کہ کراچی میں بے امنی کا ذمے دار کون ہے ، بلاول سے پوچھتا ہوں کہ ورکرز کو 30 ،30 ہزار روپے کس نے دیے ہیں؟ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کراچی سے نکلنے سے پہلے لوگ امن و امان سے متعلق سوال کریں گے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کو کہتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ پی ٹی آئی کرے گی۔ بلاول ساڑھے 3 سال کا حساب مانگنے اسلام آباد آ رہے ہیں اور ہم حساب دینے کے پابند ہیں،ہمارا دامن صاف ہے اور ہم حساب دینے سے نہیں گھبراتے۔ اگر گھبرانے والا ہوتا تو وزرات خارجہ کا عہدہ چھوڑ کر زداری کے منہ پر استعفا نہ مارتا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کراچی میں جو صورتحال ہے اس کا ذمے دار کون ہے، کراچی کے لوگوں کو دن دیہاڑے قتل کیا جا رہا ہے،ڈکیتیاں ہو رہی ہیں ،بلاول پنجاب میں داخل ہونے سے پہلے سند ھ کے لوگوں کو ضرور جواب دینا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے لوگوں کو مسائل سے کیوں نہیں نکال سکی،سندھ کے عوام کو ان کے حقوق کیوں نہ دیے،سند ھ کے اسپتالوں کی جو صورتحال ہے اس کے ذمے دار یہاں کے حکمران ہیں، سندھ کے لوگوں کے حقوق سند ھ کے حکمران غضب کر رہے ہیں۔