چیف جسٹس نے اگلے ہفتے مقدمات کی سماعت کیلیے بینچ تشکیل دے دیے

285

اسلام آباد(آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے آمدہ عدالتی ہفتہ 28 فروری تا 4 مارچ مختلف اہم اور عام نوعیت کے مقدمات کی سماعت کیلیے 1 عدد سپیشل، 1 عدد لارجر اور 5 عدد ریگولر بینچ تشکیل دیدیے ہیں۔عدالت عظمیٰ کی طرف سے جاری کاز لسٹ کہ مطابق سوموار 28 فروری سپریم کورٹ میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کے ملزم مہر یوسف علی رضا کی ضمانت منسوخی کیلیے نیب کی دائر کردہ درخواست،ملک غلام مرتضیٰ رحیم کھر بنام محمد یونس اقبال وغیرہ کی انتخابی عذرداری سے متعلق اپیل،کرونا وائرس کے معاملہ پر زائرین سے متعلق وفاقی حکومت کی پالیسی سے متعلق کیسز کی سماعت چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔سوموار کو ہی جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ چوہدری عارف حسین بنام فیاض خان کی انتخابی عذرداری سے متعلق اپیل کی سماعت بھی کرے گا۔منگل یکم مارچ کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ فنڈز میں خرد برد کے ملزم عظمت علی کی ضمانت منسوخی کیلیے نیب کی دائر کردہ درخواست، غلام قادر چانڈیو بنام زین العابدین کی انتخابی عذرداری سے متعلق اپیل،مظفر عباس بنام مولانا مسرور نواز جھنگوی کی انتخابی عذرداری سے متعلق اپیل،ایڈیشنل سیشن جج تقرری سے متعلق دائر آئینی پٹیشن،پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) افسران کی صوبہ سندھ میں تقرری سے متعلق دائر آئینی درخواست،پولیس افسران آؤٹ آف ٹرن پرموشن کیس سمیت پی ٹی آئی کے رہنما ایم این اے فیصل واڈا کی دوہری شہریت کی بنیاد پر پارلیمنٹ سے رکنیت منسوخی کیلیے دائر درخواست پر سماعت کرے گا۔منگل کو ہی سید غوث علی شاہ کی انتخابی عذرداری سے متعلق اپیل کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔ بدھ 2 مارچ کوسپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نیب کی عبدالقادر میمن کی ضمانت منسوخی سے متعلق اپیل،منظور کاکڑ کی صوبائی اسمبلی کی انتخابی عذرداری سے متعلق اپیل ،میاں محمد شہباز شریف، قاسم سوری سمیت مختلف پارلیمنٹرین کی انتخابی عزرداریوں،سمیت ای او بی آئی سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔بدھ کو ہی سعید الرحمان بنام صوبائی الیکشن کمیشن کیس کی سماعت جو قومی اسمبلی کے الیکشن کے دوران خواتین ووٹرز کے دس فیصد سے کم ٹرن آؤٹ سے متعلق ہے کیس سمیت سرکاری اراضی پر قائم پٹرول پمپس کی لیز سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔ جمعرات 3 مارچ کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماجی کارکن شاہد اورکزئی کی مذہبی اسکالر مفتی منیب الرحمان کو غیر مسلم قرار دینے کیلیے دائر درخواست کی سماعت کرے گا۔ جمعہ 4 مارچ کو سپریم کورٹ میں رضا محمد گورار کی حلقہ کی حد بندی سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دائر اپیل کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔