پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور قلندر اور ملتان سلطانز کے درمیان

426

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں فائنل دفاعی چمپئن ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیانآج لاہور کے قذافی اسٹیڈم میں کھیلا جائے گا۔ ملتان سلطانز نے کوالیفائر میں لاہور قلندرز کو28 رنز سے شکست دیکر دوسری مرتبہ فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے۔ اس نے گزشتہ سال پہلی مرتبہ فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا اور خطاب اپنے نام کیا تھا۔ لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائٹیڈ کو6 رنز سے شکست دیکر دوسری مرتبہ فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
ملتان سلطانزاور لاہور قلندرز کے درمیان پاکستان سپر لیگ میں جو12 میچ ابھی تک ہوئے ہیں اس میںملتان سلطانز نے 7 اور لاہور قلندر نے 5 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں کے مابین جو آخری5 میچ ہوئے ہیں اس میں ملتان سلطانزنے چار اور لاہور قلندرز نے ایک میچ کامیابی حاصل کی ہے۔
ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے مابین موجودہ ٹورنامنٹ میں تین مرتبہ مقابلہ ہوا ہے اس میں دو میچوں میں ملتان سلطانز اور ایک میچ لاہور قلندرز کامیاب رہی ہے۔ پاکستان سپرلیگ کے ساتویں ایڈیشن میں جس ٹیم نے ملتان سلطانز کو شکست دی ہے وہ لاہور قلندرز کی ہے۔
ان دونوں ٹیموں کے مابین ساتویں ایڈیشن میں پہلا مقابلہ 29 جنوری2022 کو کراچی میں ہوا تھا جس میں ملتان سلطانز نے دو بال پہلے پانچ وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔ اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے لاہور قلندرس نے مقررہ20 اوور میں پانچ وکٹ پر206 رنز بنائے تھے۔ فخر زمان نے سب سے زیادہ رنز بنائے تھے۔ وہ 35 بالوں پر11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے76 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ ملتان سلطانز نے19.4 اوور میں پانچ وکٹ پر 209 رنز بناکر میچ میں کامیابی اپنے نام کی تھی۔ شان مسعود نے50 بالوں پر14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 83 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے جبکہ انکے ساتھی افتتاحی بلے باز اور کپتان محمد رضوان42 بالوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے69رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
جب لیگ میں دونوں کا مقابلہ11 فروری 2022 کو لاہور میں ہوا تھا تو لاہور قلندرز نے 52 رنز سے جیت اپنے نا م کی تھی۔ اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوور میں چار وکٹ پر 182 رنز بنائے تھے۔ فخر زمان نے سب سے زیادہ60 رنز بنائے تھے ، 75 منٹ میں37بالوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے۔ ملتان سلطانز کے سبھی کھلاڑی19.3 اوور میں 130 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جسکی بدولت لاہور قلندرز کو جیت حاصل ہوئی۔ زمان خان نے3.3اوور میں 21 رن دیکر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
کوالیفائر میں جو 23 فروری2022 کو لاہور میںکھیلا گیا تھا۔ ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو28 رنز سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں دو وکٹ پر 163 رنز بنائے تھے۔ ریلی روزیو نے42 بالوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے65 رنز بنائے تھے جبکہ محمد رضوان51 بالوں پر تین چوکوں کی مدد سے53 رنزبنانے میں کامیاب رہے تھے۔ دونوں کھلاڑی ناٹ آئوٹ رہے تھے۔لاہور قلندرز نے مقررہ20 اوور میں نو وکٹ پر135 رنز بنائے تھے۔ فخر زمان نے 45 بالوں پر دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے63 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ تیز بولرشاہ نواز دانی نے چاراوور میں 19 رن دیکر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔