کوہاٹ: قبائلی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کیلیے کامسیٹس یونیورسٹی کے قیام کا اعلان

173

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی حکومت نے کوہاٹ میں کامسیٹس یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے تاکہ قبائلی اضلاع کے ہزاروں طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کی سہولیات میسرآسکیں۔ یہ بات وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے ہفتے کو جاری وڈیو پیغام میں بتائی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فاٹا کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلیے یونیورسٹی قائم کرنا وزیر اعظم عمران خان کا وژن تھا، اس وژن پر عمل کرتے ہوئے ہم کوہاٹ میں کامسیٹس یونیورسٹی قائم کرنے جا رہے ہیں جو عالمی معیار
کے مطابق ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی کے قیام کیلیے زمین حاصل کرلی گئی ہے جس کیلیے میں وزیراعلی خیبر پختونخوا، بیوروکریسی اور وفاقی سطح پر تعاون کرنے والوں کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی جو کامسیٹس یونیورسٹی کے پرو ریکٹر بھی ہیں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یونیورسٹی جنوبی اضلاع کے ساتھ ساتھ فاٹا کے دونوں طلبا کو سہولت فراہم کرے گی۔