عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد وزیراعظم کا فیصلہ نواز شریف کریں گے،رانا ثنا اللہ

180

لاہور: مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد وزیراعظم کا فیصلہ پارٹی قائد نواز شریف کریں گے، نجی ٹی وی کے مطابق ہفتہ کو لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہاکہ سیاسی صورتحال میں سیاسی جماعتوں میں رابطے ہوتے ہیں، فون اور اشارے آنے بند ہو گئے ہیں.

نواز شریف کا بیانیہ اور موقف کامیاب نظر آ رہا ہے کہ سیاست سیاستدانوں کو کرنی چاہیے، ٹیلی فون اور اشاروں سے سیاست نہیں ہوتی،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہوم ورک مکمل کر کے نواز شریف کو پیش کر دیا ہے، اگلے الیکشن میں ووٹ کو عزت ملے گی،رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کئی لوگ نواز شریف کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں، وزیراعظم بھی نواز شریف کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں،انہوں نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد وزیراعظم کا فیصلہ نواز شریف کریں گے، پنجاب کے وزیراعلی کا فیصلہ بھی نواز شریف کریں گے۔