کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین شیڈول ٹیسٹ میچ کے لیے سیکورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور اس حوالے سے پاک فوج کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین راولپنڈی میں شیڈول ٹیسٹ میچ کے لیے سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، اور سیکورٹی کے لیے پاک فوج کی بھی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ٹیسٹ میچ کے دوران راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم سے ملحقہ تمام تجارتی مراکز بند رہیں گے، اس کے علاوہ راولپنڈی فوڈ اسٹریٹ، علامہ اقبال پارک اور ڈبل روڈ کو سیل کردیا جائے گا، جب کہ ٹیموں کی آمد رفت کے موقع پر مخصوص علاقوں میں موبائیل سروس معطل رہے گی، اور راولپنڈی میٹروبس سروس کا روٹ محدود کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ ٹیموں کی آمد رفت موقع پر زیرو ٹریفک روٹ لگایا جائے گا، اور ٹیسٹ میچ کے دوران راولپنڈی پولیس کے 4 ہزار سے زائد اہلکار اور سٹی ٹریفک پولیس کے 350 اہلکار بھی تعینات ہوں گے، جب کہ اسٹیڈیم کے قریب بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات ہوں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی اس تاریخی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی، دوسرا 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا ٹیسٹ 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔