کراچی (نمائندہ جسارت) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے جنگ زدہ یوکرین میں محصور پاکستانیوں کے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بحفاظت وطن واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔ جاری بیان میں بلاول زرداری نے کہا کہ یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو بحفاظت واپس لانا حکومت وقت کی ذمے داری ہے۔پیپلز پارٹی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے، ہم اپنے شہریوں کو بے یارومددگار چھوڑنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے۔ پی پی پی چیئرمین نے
جنگ زدہ ملک میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے تحفظ اور سلامتی کی دعا کی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر جامعات سندھ اسماعیل راہو نے وفاق سے یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کو فوراً وطن واپس لانے اور سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جاری کردہ بیان میں اسماعیل راہو نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ انکی مدد کرے، عمران حکومت یوکرین میں پھنسے طلبہ کی ابھی تک کوئی مدد نہیں کر رہی، 8 ہزار سے زائد طلبہ یوکرین میں اس وقت مشکل میں ہیں حکومت کو چاہیے فوراً خصوصی جہاز بھیج کر طالب علموں کو یوکرین سے پاکستان واپس لائے۔