تحریک عدم اعتماد پر خریدوفروخت کا بازار گرم ہے،شیخ رشید

266
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید پریس کانفرنس کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کے اگر سیاسی خرید و فروخت شروع ہوئی تو وزیر اعظم عمران خان ترپ کی چال چلتے ہوئے ایسا ڈرون حملہ کریں گے کہ سب پر جھاڑو پھر جائے گی۔ تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد عمران خان اور زیادہ مضبوط ہوں گے، اپوزیشن کو لینے کے دینے پڑ جائیں گے، اپوزیشن اپنی سیاسی قبر کھودنے جارہی ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی دونوں کراچی سے ریلی نکال رہے ہیں، وزارت داخلہ کی جانب سے دونوں کو رینجرز کی سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے تاکہ امن و امان کے مسائل سے نمٹا جاسکے۔نور مقدم کیس میں ملزمان کی سزا پر شیخ رشید نے اسلام آباد پولیس کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ روس کو کامیاب قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے دنیا میں پاکستان کی امن کی کوششوں کو زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے، لیکن یہ دورہ بھارت کو ایک آنکھ نہیں بھایا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ایک کمزور اور ڈانواں ڈول تحریک ہے، اور جو خریدو فروخت کا بازار سجا رہے ہیں وہ سمجھ لیں کہ عمران خان ترپ کی چال کھیلیںگے، ایسی تحریکیں ماضی میں بھی چلیں ہیں جس کا کوئی نتیجہ اخذ نہیں ہوا۔شیخ رشید نے اپوزیشن کو انتخابات کی تیاری کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 172آدمی پورے کرنے کے لیے خرید و فروخت کی ذمے داری آصف زرداری کو سونپی ہے، اور میں یہ بات ذمے داری سے کہہ رہا ہوں اگر سیاست میں خریدو فروخت کا بازار شروع ہوا تو جھاڑو پھر جائے گی۔شیخ رشید نے کہا کہ سارے مفاد پرست آج اکٹھے ہورہے ہیں، ان سے پوچھیں انہیں کیا چیز اکٹھا کر رہی ہے، انہیں خوف جمع کر رہا ہے ، انہیں ڈر ہے کے ان کی کھال اتر جائے گی۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ انہیں یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ اب اگر آپ تحریک عدم اعتماد لاتے ہیں تواس کی ناکامی کے بعد عمران خان آپ کے لیے ایک چیلنج ثابت ہوگا۔ عمران خان جرأت سے اس سارے کھیل کا مقابلہ کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ تحریک انصاف میں کوئی بکا ئونہیں ہے اگر کوئی ضمیر فروش ہوا تو اس کی پاکستان میں کوئی عزت نہیں ہوگی۔