اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے مارگلہ ہلز پر قائم مونال ریسٹورنٹ کو سیل کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل پر سماعت 2
ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔ عدالت عظمیٰ نے مونال ریسٹورنٹ کو کھولنے سے متعلق حکم امتناع دینے کے بارے میں مونال ریسٹورنٹ کی استدعا مسترد کر تے ہوئے قرار دیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد ہی کوئی ٹھوس حکم دے سکیں گے،2 ہفتے تک عدالت عالیہ کا تفصیلی فیصلہ نہ آیا تو مناسب حکم جاری کرینگے۔ عدالت عظمیٰ نے محکمہ وائلڈ لائف کی فریق بننے کی استدعا منظور کر لی۔ جمعرات کو جسٹس اعجازلاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مارگلہ ہلز پر قائم مونال ریسٹورنٹ کو سیل کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔ دوران سماعت مونال کے وکیل مخدوم علی خان نے مؤقف اپنایا کہ ہائیکورٹ کا مختصر حکمنامہ بھی دستخط کے بغیر ہے،دستخط ہونے تک حکمنامہ میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔ جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ تکنیکی طور پر آپکی بات درست ہے۔