وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی روسی ہم منصب سے ملاقات

202

ماسکو(صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفد کے ہمراہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لیوروف کے ساتھ ملاقات کی ،دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعرات کو روسی وزیر خارجہ نے ماسکو آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے
پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور روس کے مابین تعلقات بتدریج مستحکم ہوئے ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ،روسی وزیر خارجہ نے افغانستان کے حوالے سے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی کامیابی پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاکستان کی قیادت کو مبارکباد دی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیر مقدم اور پر خلوص میزبانی پر روسی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔