پہلے اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے، خورشید شاہ

178

سکھر (صبا ح نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید احمد شاہ نے قومی اسمبلی کے اسپیکر کے کردار کو گھناؤنا قرار دیتے ہوئے تجویز دی ہے کہ وزیر اعظم سے پہلے اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے۔سکھر کے ڈپٹی کمشنر آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو اس وقت جب یوکرین پر حملہ کیا جارہا ہے ایسے میں روس کا دورہ نہیں کرنا چاہیے تھا، اس سے دنیا میں تاثر جائے گا کہ اس حملے میں ہم بھی شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان یا مسلم لیگ (ق) کی تحریک عدم اعتماد میں ساتھ کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ عمران خان کی موجودگی میں بھی تحریک انصاف میں ایسے لوگ شامل ہیں جو محب وطن ہیں اور پاکستان سے پیار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشاورت کی جارہی ہے کہ پی پی پی اور پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے دوران عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے تاہم فیصلہ ایک 2 روز میں عوام کے سامنے آجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کے درمیان رابطے جاری رہنے چاہئیں اور ریاست پر جب بات آئے تو عمران خان سے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔