اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپوزیشن پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام عاید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا جو بھی رکن وزیراعظم کےخلاف ووٹ دے گا وہ نااہل ہوجائے گا، تحریک عدم اعتماد اتنی آسان نہیں،سیاسی مخالفین محض دھوکا دے رہے ہیں ۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ جو رکن پی
ٹی آئی اور وزیراعظم کے خلاف ووٹ ڈالے گا وہ نااہل ہو جائے گا، جب رکن نااہل ہوگا تو یہ اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکیں گے، اپوزیشن کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہم سوئے ہوئے نہیں، اتنا آسان نہیں کہ ہمارے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے،تحریک عدم اعتماد کا ڈراما بنا ہوا ہے اور اپوزیشن سے ڈبل ہم تیار ہیں۔وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں آرہی، صرف لوگوں کو دھوکا دے رہے ہیں،ہم اپنے ارکان کےساتھ رابطے میں ہیں،اپنی تیاری کی ہے اور ہر چیز کے لیے تیار ہیں، وزیراعظم عمران خان5 سال مکمل کریں گے اور ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جو مرضی کرلے، تحریک عدم اعتماد ناکام ہے اور رہے گی، اتحادی جماعتوں کا وزارت سے متعلق کوئی مطالبہ نہیں،اتحادی جماعتوں کے ساتھ وعدے پورے کریںگے۔