نوابشاہ(نمائندہ جسارت)بلدیہ نے صفائی ستھرائی کے لیے بااثر فرد کو ٹھیکہ دینے کے بعد لمبی تان کر سونے والی پوزیشن سنبھال لی اس وقت نوابشاہ گڑ ھستان میں تبدیل ہو چکا ہے بلدیاتی عملہ غائب، شہری پریشان افسران مدہوش شہریوں کی داد رسی سننے والا کوئی نہیں۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ کی غفلت کی وجہ سے شہر کے تجارتی علاقوں سمیت رہائشی علاقوں میں صفائی کی صورت حال نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی، تقریباً شہر کے تمام علاقوں میں ڈرینج کی تباہی کی وجہ سے گڑھوں کا پانی شاہراہوں اور گلیوں میں کئی روز سے کھڑا ہونے کی وجہ سے بدبودار ہونے کے ساتھ مچھروں کی افزائش کا سبب اور موذی امراض کے پھیلنے کا خدشہ بھی ہو گیا ہے، منوآباد تاج کالونی غریب آباد مریم روڈ جام صاحب روڈ ڈبل روڈ غلام رسول شاہ کالونی بڈھل شاہ کالونی وی آئی پی روڈ دولت کالونی مہران کالونی گولیمار اور شہر کے دیگر علاقوں میں بلدیاتی عملہ نہ ہونے کی وجہ سے گندے پانی کا مسلسل کھڑے رہنا شہریوں کے لیے وبال جان بن گیا۔ شہری خاکروبوں کو پیسے دے کر علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف نظر آتے ہیں لیکن مجال ہے کہ بلدیاتی عملے ٹس سے مس ہوتے ہوئے نظر آئیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ شہر کی موجودہ صورتحال کی بنیادی وجہ سیاسی اقرباء پروری ہے منظور نظر بااثر افراد کو بلدیہ نے ٹھیکہ دے کر شہر کو گڑھستان میں تبدیل کر دیا۔آصف زرداری شہر کی ابتری کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کی سرزنش اور شہر کو گندگی سے پاک کرنے کے فوری احکامات دیں۔