لاہور (صباح نیوز) نیب لاہور نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے گلبرگ میں واقع بنگلے کی نیلامی کے لیے ڈی سی لاہور کو خط لکھ دیا۔ بنگلہ کی فروخت سے 25 کروڑ روپے کی آمدن متوقع ہے۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی مشکلات میں ایک دفعہ پھر اضافہ ہو گیا ہے اور نیب لاہور نے اسحاق ڈار کا گلبرگ میں واقع 4 کنال کا بنگلہ فوری طور پر فروخت کرنے کے لیے ڈی سی لاہور کو مراسلہ جاری کردیا۔گلبرگ میں 4 کنال اراضی پر موجود بنگلہ کی کل مالیت 250ملین تک شمار کی جارہی ہے۔ آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں نیب لاہور کی ملزم اسحاق ڈار کیخلاف یہ دوسری بڑی ریکوری ہو سکتی ہے۔قبل ازیں نیب لاہور اسحاق ڈار کے اکائونٹ سے 50 کروڑ روپے ریکور کروا کر قومی خزانہ میں جمع کروا چکا ہے۔