نواز شریف کے معالج ڈیوڈ لارنس کو حکومتی خط موصول ہو گیا

159

اسلام آباد/ لندن (صباح نیوز) نواز شریف کے معالج ڈیوڈ لارنس کو حکومتی خط موصول ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے متعلقہ حکام کو بذریعہ دفتر خارجہ آگاہ کر دیا ہے کہ نواز شریف کے معالج ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس کو اٹارنی جنرل کا خط موصول ہو گیا ہے۔ اٹارنی جنرل نے ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس سے نامزد طبی ماہرین کی ملاقات کے لیے 22 فروری سے 13 مارچ کے درمیان وقت مانگا ہے‘ ڈیوڈ لارنس کے جواب کے بعد حکومت آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔ حکومتی خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان کا نمائندہ نواز شریف کی رپورٹس کی تصدیق اور جائزے کے لیے آپ سے ملنا چاہتا ہے جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف بظاہر اب صحت مند نظر آتے ہیں، وہ تاحال اسپتال میں بھی داخل نہیں ہوئے اور سیاسی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ خط میں کہا گیا کہ برطانوی معالج ملاقات کے لیے تاریخ سے 4 روز پہلے آگاہ کریں۔