راولپنڈی‘ژوب(صباح نیوز+آن لائن) سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں آپریشن کر کے ایک اہم کمانڈر سمیت 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں خفیہ معلومات پر آپریشن کیا، گھیرے میں آنے پر دہشت گردوں نے بھاگنے کی کوشش کی، اس دوران اندھا دھند فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔فائرنگ کے تبادلے میں سیکورٹی فورسز نے10دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ۔مارے جانے والوں میں اہم کمانڈر ماسٹر آصف عرف مکیش شامل ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد تربت، پسنی کے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تھے۔آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں ہتھیار اور گولیاں برآمد کی گئیں، یہ ہتھیار سیکورٹی فورسز پر حملوں میں استعمال ہونے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہیں گے، بلوچستان میں امن وترقی کاعمل سبوتاژ ہونے نہیں دیں
گے۔علاوہ ازیںژوب میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ساتھ مبینہ مقابلے میں 4 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔لیویز حکام کے مطابق ژوب کے علاقے کلی شہاب زئی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی ٹی ڈی نے ایک مکان پر چھاپا مارا،چھاپا قتل و اغواسمیت دیگر مقدمات میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے مارا گیا تھا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 افراد ہلاک ہوئے ۔ لیویز حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ملزم حاجی لالو کا بیٹا، بھتیجا اور 2 گن مین ہلاک اور 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں سی ایم ایچ ژوب منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ہلاک افراد کے لواحقین نے احتجاجاً لاشیں قومی شاہراہ پر رکھ کر کوئٹہ ژوب شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کر دی۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرژوب رمضان بلال کا کہنا ہے کہ کارروائی سے متعلق سی ٹی ڈی سے تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں، پولیس اور لیویز افسران بھی تحقیقات کر رہے ہیں ۔