فیصل آباد:امیر جماعت اسلامی پاکستان مولانا سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت ناکام ہو گئی، نوجوان اپنے حق کے لیے اٹھ کھڑے ہوں، موجودہ حکومت نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے اور ملک کو 50ہزار ارب کا مقروض بنا دیا ہے۔
سراج الحق نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی اپنے اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں ان کو ملک اور عوام کا کوئی خیال نہیں ہے ملک کو صورتحال سے نکالنے کیلئے سودی نظام کا خاتمہ کر کے اسلامی نظام کے نفاذ سے ممکن ہے۔
صنعتکاروں اور تاجروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک کا عدالتی، سیاسی، تعلیمی، معاشی نظام تباہی کی طرف جا رہا ہے اور پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود زرعی زمینوں پر رہائشی کالونیاں بنائی جا رہی ہیں اور ہر محکمہ میں کرپشن اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ کوئی کام رشوت اور سفارش کے بغیر نہیں چلتا اور کلمہ کی بنیاد پر حاصل ہونیوالے وطن عزیز کو تباہ کیا جا رہا ہے اور ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ ان حالات سے ملک کو نکالنے کے لیے سودی نظام کا خاتمہ کر کے نظام مصطفی کا نظام نافذ کرنا ہو گا۔