کراچی:ایرانی قونصل جنرل حسن نور یان نے ایک وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں ملاقات کی، وفد میں ایرانی قونصلیٹ کے تھرڈ کونسل اکنامک افیئر مہدی جعفری، وائس قونصلر رضا قمبری شامل تھے۔
ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے نگراں امور خارجہ نوید علی بیگ، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی انجینئر سلیم اظہر بھی موجود تھے، ملاقات میں باہمی دلچسپی امور بین الاقوامی حالات اور خطے کی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی، مہمانوں کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کی گئیں جبکہ ایرانی قونصل جنرل نے امیر جماعت اسلامی کو سوونیئر پیش کیا۔
ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے مرکز ادارہ نور حق آکر ہمیں بڑی خوشی ہوئی ہے، یہاں ہمیں اپنائیت کا احساس ہوا ہے، ایران اور پاکستان اسلام کی بدولت باہمی اخوت کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں اور پڑوسی ہونے کے باعث ہمارے مفادات بھی ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں۔
انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ دونوں برادر ممالک کو باہمی تجارت کو فروغ دینا چاہیئے اور صنعتوں کی ترقی کے لیے مل جل کر کام کرنا چاہیئے، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سے ہمارے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مہمانوں کادفتر جماعت اسلامی آمد پرخیر مقدم کیا اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برادر ملک ایران ہمارا پڑوسی بھی ہے اور اسلامی جمہوریہ بھی، ایران اور پاکستان کے باہمی تعلقات ہمیشہ برادرانہ رہے ہیں، حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ برادر اسلامی ممالک کو خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے باہمی تعاون و تعلقات کو فروغ دینا چاہیئے اور اس کے ساتھ ساتھ باہمی تجارت کے مواقع کو بھی بڑھانا چاہیئے تاکہ ہماری صنعتیں ترقی کر سکیں۔