کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے احکامات اور ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈایمرجنسی سروسزڈویژن ڈاکٹر مقصوداحمد کی ہدایات پر اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس کے کمانڈوزکی ایک بڑی تعدادکو موٹرسائیکل اسکواڈکے ہمراہ شہر کے مختلف کرائم ہاٹ اسپاٹ پر تعینات کردیا گیا۔
احکامات کے مطابق بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کے تناظر میں ایس ایس یو کمانڈوزکو کراچی کے تمام اضلاع میں عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔کمانڈوزمختلف علاقوں میں سیکیورٹی اور امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے علاقہ پولیس کی مدد اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف بروقت کاروائی عمل میں لائیں گے۔
ڈی آئی جی سیکورٹی ڈاکٹرمقصوداحمد نے مددگار15 پولیس کو بھی ہدایات دی ہیں کہ وہ اپنی حدودمیں پیٹرولنگ کو بڑھائیں اور شہریوں کی شکایات پر بروقت کاروائی کے عمل میں تیزی لائیں۔