لاہور میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان پاکستان سپر لیگ کا آخری میچ ٹائی رہاجو پاکستان سپر لیگ میں ٹائی ہونے والا چوتھا میچ تھا۔ اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے مقررہ20 اوور میں 7 وکٹ پر 158 رنز بنائے تھے۔ لاہور قلندرز نے20 اوور میں آٹھ وکٹ پر 158 رنز بناکر میچ ٹائی کرایا۔
لاہور قلندرزکو آخری اوور میں جیت کے لئے24 رن درکار تھے جو کافی مشکل کام تھا۔ آخری اوور محمد عمر نے کرایا جس میں شاہین شاہ آفریدی نے 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 23 رنز بنائے۔ آخری بال پر انکے چھکے نے میچ کو ٹائی کرایا تھا۔ شاہین شاہ آٖفریدی کی محنت رائیگاں گئی کیونکہ سپر اوور میں لاہور قلندرزکو شکست ہوئی۔ سپر اوور میں لاہور قلندرزکے بلے بازوں نے 5رنز بنائے تھے جسکے جواب میں پشاور زلمی کے شعیب ملک نے 2 گیندوں پر دو شاندار چھکے لگاکر اپنی ٹیم کو جیت دلائی۔
پاکستان سپر لیگ میں پہلا ٹائی میچ اسلام آؓبادیونائیٹڈ اور لاہور قلندر کے مابین شارجہ میں 2 مارچ 2018 کو کھیلا گیا تھا۔ اس میچ میں اسلام آؓبادیونائیٹڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں نو وکٹ پر 121رنزبنائے تھے۔ لاہور قلندر زکے سبھی کھلاڑی19.4 اوور میں121 رنز بناکر آئو ٹ ہوگئے جسکی وجہ سے میچ ٹائی ہوا۔
سپر اوور میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے کامیابی حاصل کی۔ سپر اوور میں لاہور قلندرزنے ایک وکٹ پر15 رنز بنائے تھے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے سپر اوور میں19 رنز بناکر میچ میں کامیابی حاصل کی۔ آخری بال اندرے رسل نے مستفصر الرحمان کی بال پر چھکا لگاکر اپنی ٹیم کو جیت دلائی تھی۔
دبئی میں 11 مارچ 2018 کو کراچی کنگز اور لاہور قلندر زکے مابین میچ ٹائی رہا تھا۔اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کراچی کنگز نے مقررہ20 اوور میں 5 وکٹ پر 163رنز بنائے تھے۔ لاہور قلندر نے20 اوور میں8 وکٹ پر 163رنز بناکر میچ ٹائی کرایا تھا۔ میچ کی آخری بال پر لاہور قلندر کو دورنز درکار تھے۔ عثمان شنواری آخری بال وائید کرادی جس سے ناصرف ایک رن ملا بلکہ ایک اضافی بال مل گئی جس پر ایک رن کی ضرورت تھی۔ سہیل اختراور گلریز صدف نے اس بال پر ایک رن لیکر میچ جیتنے کی کوشش کی لیکن عثمان شنواری کی تھرو پر وکٹ کیپر محمد رضوان نے گلریز صدف کو رن آئوٹ کرکے میچ ٹائی کرالیا۔
سپر اوور میں لاہور قلندر زنے دو وکٹ پر11 رنزبنائے۔ محمد عامر نے یہ اوور کرایا جس کی پہلی بال پر ٖفخر زمان رن آئوٹ ہوگئے۔ پانچویں بال پر برینڈن میکولم نے چوکا لگایا جبکہ چھٹی بال پر وہ رن آئوٹ ہوئے۔ اس اوور میںمحمد عامر نے دو بالیں وائیڈ بھی کرائیں۔ کراچی کنگز کو میچ جیتنے کے لیے 12رنزدرکار تھے۔ سنیل نارائین کو آخری اوور کرنے کی زمہ داری دی گئی۔ پہلی دو بالوں پر ایک رن خرچ کرنے کے بعد انہوں نے کولین انگرام کو آئوٹ کردیا۔ اگلی دو بالوں پر انہوں نے پھر ایک رن دیا۔ آخری بال پر نو رن درکار تھے میچ لاہور قلندر تقریبا جیت چکی تھی۔ شاہد آفریدی نے آخری بال پر شاندار چھکا لگاکر ہار کا فرق کم کردیا تھا۔
کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں14 نومبر2020کو کھیلا گیا کوالیفائر ٹائی رہا تھا۔ اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ملتان سلطانز نے مقررہ20 اوور میں سات وکٹ پر141 رنز بنائے۔ کراچی کنگز نے20 اوور میںآٹھ وکٹ پر141 رنز بناکر میچ ٹائی کرایا۔ میچ کی آخری بال پر امداد وسیم نے چوکا لگاکر میچ کو ٹائی کیا تھا۔
سپر اوور میںکراچی کنگز نے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ کراچی کنگز نے سپر اوور میں دو وکٹ پر13 رنز بنائے تھے۔ سہیل تنویر نے یہ اوور کرایا تھا جس میں انہوں نے شرجیل خان اورشرفین ردرفورڈ کو آئوٹ کیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر نے اوور کرایا جس میں انہوں نے نو رنز دیے اس میں دو وائیڈ بال بھی شامل تھیں۔پاکستان سپر لیگ میں ٹائی ہونے والا یہ تیسرا میچ تھا۔پاکستان سپر لیگ میں 4 ٹائی میچ ہونے کے علاوہ6 میچوں کا فیصلہ ایک رن سے ہوا ہے۔