لاہور (کامرس ڈیسک )لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیر کی قیادت میں لاہور چیمبر آف کامرس کے تجارتی وفد نے ایران میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کی ہیں۔ وفد نے صدر تہران چیمبر کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی، ایران پاکستان بزنس فورم، ایرانی بزنس کمیونٹی کے ساتھ بی ٹو بی سیشن اور ایران میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی کی طرف سے دیئے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔ان ملاقاتوں میں ہونے والی بات چیت یقینی طور پر دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اورجوائنٹ وینچرز کی راہ ہموار کرے گی۔ صدرلاہور چیمبر میاں نعمان کبیر نے تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبرٹریڈ ڈپلومیسی پر پختہ یقین رکھتا ہے اور اس سلسلے میں غیر ملکی کاروباری برادری سے مستقل رابطہ رکھا جاتا ہے۔میاں نعمان کبیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان نے ہمیشہ دوستانہ اور ہمسایہ تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی فائدہ مند تعاون کو فروغ دیا ہے،ہم ایران کو ایک اہم پڑوسی ملک اور ایک اہم تجارتی پارٹنر سمجھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم برادر ملک ایران کے ساتھ مضبوط ثقافتی اور سفارتی تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے پاس بڑی منڈیاں ہیں۔ صدر لاہور چیمبر نے دونوں ممالک کے مابین موجودہ تجارتی پوٹینشل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ایرانی ہم منصبوں کو بتایا کہ لاہور چیمبر دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعاون بڑھانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کے لئے کوشاںہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے وفد کے دورہ ایران کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مستحکم کرنا ہے۔