لاڑکانہ،پولیس کی ایک ماہ کی کارروائی،630 اشتہاری گرفتار

365

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) پولیس نے ڈویژن میں ایک ماہ کے دوران جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 630 اشتہاری اور 784 روپوش ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بڑی مقدار میں منشیات برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں۔اس حوالے سے ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ نے بتایا کہ لاڑکانہ رینج پولیس نے جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے 18 گینگز کو ختم کردیا جبکہ 59 پولیس مقابلوں کے دوران 4 ملزمان مارے گئے اور 4 ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران 630 اشتہاری اور 784 روپوش ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 106 مختلف اقسام کا اسلحہ کلاشنکوف، رائفل، بندوق، پستول اور کافی مقدار میں کارتوس اور گولیاں برآمد کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں 453 کلو گرام منشیات جس میں چرس، بھنگ، ہیروئن، آئیس اور 1317 لیٹر شراب برآمد کرکے ایسے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کو تیز کیا گیا ہے اور جرائم پیشہ افراد کو کسی بھی صورت نہیں بخشا جائے گا ساتھ ہی ساتھ ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔