اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم ٹھیک کہتے ہیں کہ گھبرائیں نہیں کیونکہ اب وزیراعظم کے گھبرانے کا وقت آگیا ہے‘ ہمارے ملک میں کرسی نہ چھوڑنے کی روایت ہے‘ چیئرمین نیب آخری وقت تک نوکری نہیں چھوڑیں گے‘ فیک نیوز پر آرڈیننس حق کی آواز دبانے کا ایک اور ذریعہ ہے‘ تحریک عدم اعتماد کے بعد ناکام سیٹ اپ کا حصہ بننے کے بجائے عوام کے پاس جانا چاہیے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کے غیر قانونی مشیر برائے احتساب بھی اپنے اثاثوں کی تفصیلات دے کر جائیں‘ چیئرمین نیب بھی اپنے اثاثے ظاہر کریں۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کے لیے مشاورت جاری ہے‘حکومت کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں‘ عمران خان نے ملکی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا‘ مہنگائی میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے‘ اس حکومت نے جمہوریت کو تباہ اور پارلیمان کو ختم کر دیا‘ وزرا صرف الزام تراشی کرتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ صدر کا عہد ہ ریاست کا عہدہ ہوتا ہے لیکن اب صدر مملکت کا کام صرف آرڈیننس جاری کرنا ہے‘آرڈیننس سے میڈیا اور عوام کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے ‘پیکا ایکٹ کا مقصد عوام کی آواز دبانا ہے‘موجودہ حکومت کے کرپشن کے کیسز چیئرمین نیب کو نظر نہیں آتے ۔