لاہور(نمائندہ جسارت) سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف زرداری کل بروز جمعرات 24 فروری کو منصورہ میں سراج الحق سے ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات سہ پہر 3 بجے ہو گی جس میں موجودہ سیاسی صورت حال پر مشاورت کی جائے گی۔منصورہ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں 3 اہم اجلاس بھی طلب کر لیے جن میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال ،جماعت اسلامی حکومت مخالف تحریک اور دیگر امور زیربحث آئیں گے۔قیصر شریف کے مطابق جماعت اسلامی کے مرکزی یوتھ بورڈ کا اجلاس آج ہو گا جبکہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس کل 24فروری کو بعد نماز عصر ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی مجلس شوریٰ کا 3 روزہ اجلاس 25 فروری کو شروع ہو گا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق 27 فروری کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔