جانباز فورس کے جوان قوم کا اثاثہ ہیں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ

464

ٹھٹھہ( نمائندہ جسارت) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریاض حسین لغاری نے کہا ہے کہ جانباز فورس کے جوان قوم کا اثاثہ ہیں۔ جب بھی ضرورت پڑی جانباز فورس کے جوانوں نے اپنی ہمت اور حوصلے سے کام لیتے ہوئے قوم کی خدمت کی ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکلی پر 665 ویں جانباز فورس کے جوانوں کو تقسیم اسناد و پاسنگ آؤٹ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر میجر سید اطہر نے بھی خطاب کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریاض حسین لغاری نے کہا کہ پاک فوج کی بہترین تربیت نے جوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارا ہے اور ملک کی خدمت کے لیے افواج پاکستان کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ہر مشکل گھڑی میں افواج پاکستان ملک و قوم کی خدمت کے لیے حاضر ہوتی ہے۔ انہوں نے اُمید کی کہ جانباز فورس کے جوان اپنی آئندہ زندگی میں بھی ڈسپلن کا مظاہرہ اور ملک و قوم کی خدمت کرکے ضلع ٹھٹھہ کا نام روشن کریں گے۔