اعلان جنگ کردیا،اسلام آباد پہنچ کر حکومت کو نقصان پہنچائینگے،بلاول

307

پشاور(صباح نیوز)پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی بات پیپلزپارٹی کی جیت ہے،عدم اعتماد نہ لانے کے خواہشمند ہمارا موقف دہرا رہے ہیں، بی بی شہید کے خلاف کھڑے سلیکٹڈ کے پاس نیک نیتی سے گیا۔ پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ6جنوری کوحکومت کے خلاف اعلان جنگ کیا تھا، پیپلزپارٹی27فروری سے عوامی مارچ کرے گی ، یہ تاریخ کا بڑا لانگ مارچ ہوگا، امید کرتا ہوں پختونخوا کے جیالے صف اول کا کردار ادا کریں گے، ہمیں لانگ مارچ کی اسٹرٹیجی عوام کو بتانی چاہیے۔پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہم وہ جماعت نہیں جو ادارے پر جا کر حملہ کرے اور جو کسی دوسرے کے پاس جائے ، ہم جمہوری جماعت ہیں، صرف جمہوری ہتھیاراستعمال کریں گے، میرے جیالوں نے ضیاالحق، یحییٰ خان، پرویزمشرف، سلیکٹڈ کا مقابلہ کیا، ہم نے دوستوں سے کہا عمران خان کا ڈٹ کرمقابلہ کریں گے، ضمنی، سینیٹ الیکشن میں ہماری جیت ہوئی، اب ہم نے لانگ مارچ کا فیصلہ کیا ہے وہ بھی کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں توعمران خان نے ہر ہفتے سوالوں کے جواب دینے تھے، عمران خان اس دن کے بعد اسمبلی میں جواب دینے نہیں آئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کیخلاف کھڑے کیے گئے سلیکٹڈ کے پاس نیک نیتی سے گیا،ہمارے دوست کہتے تھے پہلے استعفا دو، ہم نے کہا عمران خان کو کھلا میدان نہیں دینا۔بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہر ایک وعدہ جھوٹا، فراڈ اور دھوکا نکلا، یوٹرن پر یوٹرن لیا گیا ، اس حکومت نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا لیکن لوگوں سے نوکریاں بھی چھین لیں،ملک میں آج تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔