زرداری ،فضل الرحمن ملاقات،تحریک عدم اعتماد پر ساتھ چلنے پر اتفاق،وزارت عظمیٰ ن لیگ کا حق ہے،بلاول

295
اسلام آباد: مولانا فضل الرحمن سے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد/پشاور (این این آئی) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے تحریک عدم اعتماد پر پوری اپوزیشن کو ایک ساتھ لے کر چلنے پر اتفاق کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے آصف زرداری کو شہبازشریف سے لاہور میں ہونے والی ملاقات سے آگاہ کیا،حکومتی اتحادی ق لیگ کی قیادت سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی۔ فضل الرحمن اور سابق صدر کے درمیان 30 منٹس ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں مولانا فضل الرحمن کو سابق صدر نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اپنی حکمت عملی بارے آگاہ کیا۔ ملاقات میں پنجاب اور وفاق میں تحریک عدم اعتماد گفتگو ہوئی، تحریک عدم اعتماد کس کے خلاف پہلے لائی جائے اس معاملے پر بھی مشاورت ہوئی۔ فضل الرحمن نے پی ڈی ایم سے علیحدگی جبکہ سابق صدر نے شوکاز کا بھی ہلکا پھلکا گلہ بھی کیا۔بعد زاں مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیاکہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت اورعدم اعتماد کی تحریک سے متعلق گفتگو ہوئی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ نا اہل اور نالائق حکمرانوں کے جانے کا وقت آگیا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری سے لوگ تنگ آگئے ہیں،سلیکٹیڈ حکومت عوام میں اپنا اعتماد کھوچکی ہے، اپوزیشن اس بار تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر میدان میں اترے گی۔ سابق صدر آصف علی زر داری نے کہاکہ عوام کی نظریں اپوزیشن کی طرف ہے، حکومت کے اتحادی بھی حکومت سے تنگ آچکے ہیں،اپوزیشن کی تیاری مکمل ہے، حکومتی اراکین بھی رابطوں میں ہیں۔علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ کی پارلیمنٹ میں اکثریت ہے، ان کا حق بنتا ہے کہ وہ وزیر اعظم لائیں،،تمام اپوزیشن جماعتوں کو مل کر حکومت گرانے کے ایجنڈے میں شامل ہونا چاہیے۔ پیر کوبلاول نے پشاور میں باچا خان مرکز کا دورہ کیا جہاں مشاورتی اجلاس ہوااس دوران میڈیا سے گفتگو میں بلاول کاکہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف لانگ مارچ بھی کررہے ہیں اور عدم اعتماد بھی لائیں گے، آرمی چیف کو توسیع دینا اور نہ دینا میرا اختیار نہیں ،جمہوری طریقے سے غیر جمہوری حکومت کے خلاف ہے۔