کراچی: ایس ایس پی کورنگی نے ایس ایچ او صنعتی ایریا کومعطل کردیا

414

کراچی:ایس ایس پی کورنگی کے احکامات پر ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا کومعطل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او کو کورنگی کو کازوے پر ہونے والی لوٹ مار پر معطل کیا گیا۔ ایس ایس پی کورنگی نے ایس ایچ او کو معطل کرنے کے لئے اسٹریٹ کرائم کی روک تھام میں ناکامی کو جواز بنایا، گزشتہ شب کورنگی کازوے میں تاریخ کی بدترین ڈکیتی کی گئی،جس کے دوران ڈاکوؤں نے ناکہ لگا کر ٹریفک کو روکا اور کھل کر لوٹ مار کی،زیورات پہنی خواتین کو رکشوں اور گاڑیوں سے اتار کر زیورات نوچے گئے، لوٹ مار کے دوران ڈاکوؤں نے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، گاڑیوں کے شیشے توڑے، کسی کا موبائل چھینا، کسی کا پرس نکالا، کسی نقدی لوٹ کر لے گئے،کازوے پر وہ طوفان بدتمیزی برپا تھا کہ لوگ خوف کے مارے گاڑیاں چھوڑ کر بھاگ رہے تھے، اطلاع ملنے کے باوجود پولیس انتہائی تاخیر سے موقع پر پہنچی، پولیس اس وقت پہنچی جب ڈاکو سکون کے ساتھ بڑی واردات کرکے فرار ہوچکے تھے۔