کراچی: سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن(ایس آئی یوٹی)جلد ہی سکھر میں روبوٹک سرجری کا یونٹ قائم کرے گا۔یہ مجوزہ یونٹ اگلے ماہ کے آخر تک قائم کر لیا جائے گا۔
اس بات کا اظہار ایس آئی یو ٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر ادیب رضوی نے صوبائی وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو ایک مراسلہ میں بتائی ۔ پروفیسر رضوی نے ان کے اپنے ادارے میں قائم کردہ روبوٹک سرجری کے شعبہ کے قیام میں حکومت سندھ کی طرف سے فراہم کردہ تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
اس شعبہ کا افتتاح گزشتہ دنوں میں کراچی میں ہوا تھا۔ڈاکٹر رضوی نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ ان کا ادارہ ایس آئی یو ٹی فلسفہ کے مطابق صوبہ کے دور دراز علاقوں تک طبی سہولت فراہم کرنے پرپورا یقین رکھتا ہے تاکہ آبادی کے بڑے حصہ کو علاج و معالجہ کی جدید سہولتیں حاصل ہو سکیں۔ سکھر میں ایس آئی یو ٹی کا ایک ہسپتال چبلانی میڈیکل سینٹر کے نام سے پہلے ہی کام کر رہا ہے۔
روبوٹک سرجری کو طب کی سائنسی دنیامیں مستقبل کی سرجری کے طور پر جانا جاتا ہے جبکہ اِس سرجری میں مخصوص سہولتوں کی وجہ سے نمایاں مقام حاصل ہے ۔ اس سرجری کی خاص بات یہ ہے کہ اِس کی وجہ سے مریض کے جسم پر سرجری کے نشانات کم ہوتے ہیں، خون کا اخراج کم ہوتا ہے اور مریض کا ہسپتال میں قیام بھی محدود ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ایس آئی یو ٹی کا روبوٹک یونٹ نے گزشتہ چند مہینوں کے دوران ایک ہزار سے زائد کامیاب سرجری ہو چکی ہیں۔ یہ علاج بالکل مفت اور پروقار انداز میں کیا گیا۔