سندھ ہائی کورٹ نے ناصر جمپ پر چائنہ کٹنگ سمیت غیر قانونی تعمیرات ختم کرانے کا حکم دے دیا

411

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے ناصر جمپ پر چائنہ کٹنگ سمیت غیر قانونی تعمیرات ختم کرانے کا حکم دے دیاہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں کورنگی ناصر جمپ سے غیر قانونی تجاوزات اور چائنہ کٹنگ کے خاتمے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ عدالت اس سے قبل بھی غیرقانو نی تعمیرات گرانے کا حکم دے چکی ہے۔

ناصر جمپ پر 180 گز کے پلاٹ کو غیر قانونی طور پر دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ 90 ,90 گز کے چھوٹے پلاٹوں پر چھ چھ منزلہ عمارتیں بنائی گئی ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے ناصر جمپ پر قانونی تعمیرات او چائنہ کٹنگ کا خاتمہ 45 روز میں کرایا جائے۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ تجاوزات کے خاتمے کرکے ایس بی سی اے عمل درآمد رپورٹ پیش کرے۔

عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حکام پر اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی والے عدالتی حکم ہر عمل درآمد نہیں کرتے۔ جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے جیسے پولیس گشت کرتی ہے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی والے گشت کرتے ہیں۔ کسی کے گھر کے دروازے پر بجری کے ساتھ گدھا گاڑی نظر آئے تو اتھارٹی والے فوری پہنچ جاتے ہیں۔

عدالت نے ایس بی سی اے کے وکیل سے استفسار کیا کہ اتنی بڑی عمارتیں ایس بی سی اے والوں کو کیوں نظر نہیں آتی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ رپورٹ میں ذمہ دار انسپکٹر اور دیگر افسران کا نام ضرور لکھیں پتہ چلے کے کس نے یہ غلط کام کیا ہے۔ عدالت نے ناصر جمپ پر چائنہ کٹنگ سمیت غیر قانونی تعمیرات ختم کرانے کا حکم دے دیا۔