لاہور (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد ہر سیاسی جماعت کا آئینی اور قانونی حق ہے لیکن پشاور سے ایک شخص کے ذریعے ارکان کو دبائو میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے، خبردار کر رہی ہوں کہ عمران صاحب پشاور سے فون کالیں کرانا فوری بند کریں۔ اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ اپوزیشن اور پی ڈی ایم مناسب وقت پر مشاورت سے تحریک عدم اعتماد لائیں گے۔ تحریک عدم اعتماد ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق، دن قریب آتے ہی عمران خان ہمارے ارکان کو دبائو میں لانے کی کوششیں کر رہے ہیں، پشاور سے فون کالز کرانا بند کریں اور سیاست کے میدان میں سیاسی انداز میں مقابلہ کریں۔ان کا کہنا تھاکہ اراکین پارلیمان کو دبائو میں لانیکی کوشش کی جارہی ہے، پشاور سے ایک شخص کے ذریعے ارکان کو دبائو میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے، آپ کی سیاست میں ادارے کو گھسیٹنے کی وجہ سے پہلے ہی ادارے کی ساکھ و قدر متاثر ہوئی۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ آپ سیاست کے میدان میں سیاسی انداز میں مقابلہ کریں، آپ باز نہ آئے تو ہم اِن صاحب کا نام لینے پر مجبور ہوں گے۔ان کا کہنا تھاکہ یہ غیرآئینی حرکتیں عمران خان کے خوف اور شکست کا واضح ثبوت ہیں۔