عمران خان کو لانے والے آج اپنا منہ چھپارہے ہیں،مولانا فضل الرحمٰن

221

ہنگو‘اسلام آباد(صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کی یہ صورتحال ہے کہ لوگ اپنے بچے بیچنے پر مجبور ہیں جبکہ عمران خان کو لانے والے اپنا منہ چھپا رہے ہیں، آج وہ اپنی غلطی مان رہے ہیں کہ ہم نے اس شخص کی حمایت کر کے غلطی کی ،بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کا اصل چہرہ نظر آیا۔ہنگو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ اب ان حکمرانوں کے دن گنے جا چکے، ان کا کھیل ختم ہوگیا، گزشتہ دنوں پاکستان کے عوام نے دیکھا کہ انہوں نے اپنے وزرا ء میں انعامات تقسیم کیے، آپ جانتے ہیں کہ انعامات، تمغے، اسناد اور سرٹیفکیٹس کب تقسیم کیے جاتے ہیں جب کھیل ختم ہوجاتا ہے،اسی طرح انہوں نے کچھ خاص خاص وزرا میں تمغے تقسیم کیے کیونکہ ان کا وقت ختم ہوگیا،ان نالائق، نااہل حکمرانوں کا کھیل ختم ہوگیا، اب ہمارا وقت شروع ہوگا ۔وزاعظم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے، ایک دن پہلے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے اضافے کی سمری مسترد کی، پھر کچھ دیر بعد 12روپے فی لیٹر اضافے کی سمری منظور کرلی۔ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں ملک میں انقلاب آئے گا، ملک میں حقیقی تبدیلی آئے گی اور ان احمقوں، نااہلوں، نالائقوں، ناجائز حکمرانوں سے قوم کی جان چھٹے گی اور پاکستان پاک ہوگا، ہم اپنی پاک سرزمین ایسے گندے کرداروں کے حوالے نہیں کرسکتے۔سربراہ جے یو آئی(ف)نے کہا کہ ان لوگوں کے دعوے، وعدے کہاں گئے۔علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر سابق صدرمملکت آصف زرداری اورپی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن (آج)پیر کو ملاقات کریں گے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ آصف زرداری مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن آصف زرداری کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے، ملاقات میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق تفصیلی مشاورت ہوگی اور حکومتی اتحادیوں سے رابطوں سے متعلق تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا،ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی گفتگو ہوگی۔