بدعنوان اور سلیکٹڈ نے عوام کو غربت کی دلدل میں دھنسادیا،بلاول

257
وزیر اعظم کا بندوبست کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بلاول

لاہور(آن لائن)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 27 فروری سے عوامی لانگ مارچ شروع کرنے جا رہی ہے،یہ مارچ اس مہنگائی کے خلاف ہے جس نے غریب عوام کو شدید مشکلات کا شکار بنا دیا ہے،غریب عوام کو عمران خان کی سلیکٹڈ و کٹھ پتلی حکومت نے غربت میں دھنسادیا ہے،ہر وہ پاکستانی جو سماجی انصاف چاہتا ہے اس پر اب ایک ذمے داری ہوتی ہے اور وہ یہ ہے کہ قوم کو غربت، مہنگائی، بیروزگاری، انتہا پسندی اور ظلم و جبر کے چنگل سے نجات دلانے کے لیے ہمارا ساتھ دے،پیپلز پارٹی بے آواز شہریوںکی طاقتور آواز بنتی رہے گی۔عالمی یوم سماجی انصاف کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاو ل نے معاشرے کے ہر طبقے کو سماجی انصاف فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سماجی انصاف کو یقینی بنانا ہی ملک کو پرامن، ترقی پسند اور خوشحال بنانے کی چابی ہے،سماجی انصاف ہی پیپلز پارٹی کے نظریے اور جدوجہد کا سنگ بنیاد ہے،ہم خواتین، مزدوروں، نوجوانوں اور اپنی معاشرے کے کمزور طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہیں، پیپلز پارٹی کی جب بھی حکومت آتی ہے تو وہ عوام کو سماجی انصاف فراہم کرتی ہے۔انہوںنے کہا کہ ناانصافیوں کے خلاف قربانیوں کی ایک طویل تاریخ کے بعد پیپلز پارٹی اب معاشرے کے ہر طبقے میں سماجی ناانصافیوں کے متاثرین کے لیے ایک امید ہے۔