احتساب سے خوفزدہ جماعتیں اکھٹی ہورہی ہیں،حکومت مدت پوری کرے گی،شاہ محمود

401

ملتان/ اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں احتساب سے بچنے کے لیے اکٹھی ہو رہی ہیں ‘ اپوزیشن جماعتیں جتنا مرضی اکٹھی ہو جائیں‘ اپوزیشن کو اپنے ایجنڈے میں ناکامی ہوگی‘ اقتدار سے باہر بیٹھی ہوئی جماعتوں کو انتظار کرنا ہوگا‘ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ اتوار کو ملتان میں این اے156 کی مختلف یونین کونسلوں میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں مختلف استقبالیہ تقریبات اور وفود سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی پی ن لیگ دونوں نے عوام کو مایوس کیا‘ دونوں جماعتیں چاہتیں تو پاکستان کی تقدیر بدل سکتی تھیں‘ دونوں جماعتوں کی قیادت نے عوام کو سنہری خواب دکھائے‘ خالی اور جھوٹے نعرے لگائے‘ عوام کا جھوٹے نعروں سے پیٹ نہیں بھرسکتا‘ عوام کو مسٹر ٹین پرسنٹ اور علاج کے بہانے بیرون ملک فرار ہونے والی قیادت قبول نہیں‘ تحریک انصاف کرپشن اور لٹیروں کے خلاف جنگ کررہی ہے‘ اپوزیشن کی سیاست مفادات اور اقتدار کی سیاست ہے ‘ تحریک انصاف کو اقتدار کی ہوس نہیں‘ ہم کرپٹ اور فرسودہ نظام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ اتوار کو اپنے ٹوئٹر بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا اعلان ایک نئی ڈیل کے لیے سودے بازی کرنا ہے۔