ہنگو: پاکستان ڈیمو کریٹک (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کا اصل چہرہ نظر آیا، حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث یہ دن آیا کہ لوگ اپنے بچے فروخت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور مہنگائی کے باعث مریض ادویات نہیں لے سکتے۔
مولانا فضل الرحمان نے ہنگو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے دھاندلی کر کے حکومت کی لیکن بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کا اصل چہرہ سامنے آ گیا۔انہوں نے کہا کہ کہاں گئے وہ جو کہتے تھے کہ 50لاکھ گھر دیں گے لیکن آپ نے تو 50لاکھ گھر دیئے نہیں بلکہ گرائے ہیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے اب تک دی گئی نوکریوں کی تعداد بھی ایک کروڑ نہیں۔ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث یہ دن آیا کہ لوگ اپنے بچے فروخت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور مہنگائی کے باعث مریض ادویات نہیں لے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست انبیا کا وظیفہ ہے اور سیاست حدیث سے ثابت ہے۔ جہاں معیشت تباہ ہو، مہنگائی ہو، تو بدامنی آتی ہے اور جہاں بھوک ہو وہاں بد امنی تو ہو گی۔سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت فحاشی اور بد اخلاقی کا سیلاب لے کر آئی۔ پی ٹی آئی کی حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے جس نے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ کر دیا۔