غریب عوام کو سلیکٹڈ حکومت نے غربت میں دھنس دیا، بلاول بھٹو

270

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ غریب عوام کو سلیکٹڈ حکومت نے غربت میں دھنس دیا۔

عالمی یوم سماجی انصاف کے موقع پر اپنے بیان میں چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سماجی انصاف یقینی بنانا ہی ملک کو پُرامن اور خوشحال بنانے کی چابی ہے، سماجی انصاف ہی پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریے اور جدوجہد کا سنگ بنیاد ہے، ہم خواتین، مزدوروں اور کمزور طبقات کو با اختیار بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے  دور میں ہمیشہ عوام کو سماجی انصاف فراہم کرتی ہے، پیپلز پارٹی سماجی نا انصافیوں کے متاثرین کے لیے ایک امید ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سماجی عدم مساوات کے خلاف تحریک چلائی، بینظیر بھٹو شہید کو نوجوانوں کو روزگار دینے پر عدالتوں کے چکر لگوائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ نے ملک میں زچہ و بچہ کی صحت کے لیے انقلابی اقدامات کیے، آصف علی زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ پیپلز پارٹی 27 فروری سے عوامی لانگ مارچ شروع کرنے جا رہی ہے، یہ عوامی لانگ مارچ مہنگائی کے خلاف ہے، غریب عوام کو سلیکٹڈ حکومت نے غربت میں دھنس دیا، پیپلز پارٹی بے آواز شہریوں کی طاقت ور آواز بنی رہے گی۔