مراد سعید کا مڈل کلاس ہونا نہیں مڈل مین ہونا مسئلہ ہے،عبدالقادر پٹیل

454
کراچی:پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل پریس کانفرنس کررہے ہیں

کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر مراد سعید کا مڈل کلاس ہونا ان کا مسئلہ نہیں بلکہ مڈل مین ہونا مسئلہ ہے۔سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ مراد سعید کی جانب سے ہمارے نام لے کر جو الزامات لگائے گئے ہیں ہم ان الزامات کاجواب دینے یہاں آئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صحافی محسن بیگ کی گرفتاری دراصل پیٹرول کی قیمتوں میں 12 روپے کے تاریخی اضافے سے عوام کو میڈیا کے ذریعے بے خبر رکھنے کی کوشش کا حصہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اب اسمبلی میں توہین مراد سعید یا تحفظ مراد سعید بل عمران خان کی ایما پر لایا جاسکتا ہے۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ مراد سعید کی کارکردگی ایک سے دو لوگوں تک محدود ہے اس کو چیک کرنے کا حق پارلیمنٹ کے تمام ارکان کو ہونا چاہیے جبکہ مراد سعید کی ہمت، جرات اور برداشت پر انہیں صرف سرٹیفکیٹ نہیں بلکہ نشان پاکستان دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں اور مہنگائی میں اضافے پر کوئی بات کرے تو اس کے خلاف کیسز دائر کردیے جاتے ہیں اور اگر یہ حکومت ہے تو پھر کوئی بھی چلا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مراد سعید کردار کی بات کررہے تھے جبکہ کسی کی کردار کشی کے لیے اس کا اپنا کردار کا ہونا ضروری ہوتا ہے، اس اسمبلی کے وجود میں آنے کے ڈیڑھ سال تک حکومتی ایوان بالخصوص اس وزیر موصوف و دیگر وزرا کی جانب سے ہماری پارٹی کی قیادت اور دیگر پارٹی کی قیادتوں پر الزامات اور القابات لگائے جاتے رہے لیکن چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کی جانب سے ہمیں سخت ہدایات تھیں کہ اس ایوان کا تقدس پامال نہ ہو۔قادر پٹیل نے کہا کہ ڈیڑھ سالہ تاریخ اور اسمبلی کا ریکارڈ اس بات کا گواہ ہے کہ ہماری جانب سے کسی قسم کی کوئی الزام تراشی یا القابات نہیں دیے گئے لیکن جب پانی سر سے اونچا ہونا شروع ہوا اور جب ہماری قیادت کو ایوان میں اور ایوان سے آتے جاتے الزامات لگانے کا سلسلہ حد سے بڑھ گیا تو ہم نے ان کی ہی زبان میں ان کو جواب دینا شروع کیا ہے۔